محمد روح الامین قاسمی
آپ گجرات کے ایک ممتاز عالم دین، محدث، مفسر، مصنف، مصلح، مفکر اور مقرر ہیں۔ آپ دینی علوم کے ساتھ دنیاوی علوم سے بھی آراستہ ہیں۔ اردو، گجراتی اور عربی کے ساتھ ساتھ انگریزی زبان پر بھی دسترس رکھتے ہیں۔ آپ کی تقریر بڑی مؤثر اور عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتی ہے۔ دینی حلقوں کے ساتھ تعلیم یافتہ و دانشور طبقہ بھی آپ کو بے حد پسند کرتی ہے۔ آپ کے والدِ بزرگوار حضرت مولانا محمد رضا اجمیری رحمۃ اللہ علیہ بھی بڑے محدث تھے، جنھوں نے دار العلوم اشرفیہ راندیر میں نصف صدی سے زائد عرصہ تک بخاری شریف کا درس دیا۔ آپ بھی دار العلوم اشرفیہ راندیر میں تین دہائیوں سے زائد عرصے سے بخاری شریف کا درس دے رہے ہیں۔ آپ قطب برطانیہ مولانا پیر اسماعیل واڑی نقشبندی رحمہ اللہ کے خلیفہ و مُجاز ہیں۔ملک و بیرون ملک میں آپ کے کثرت سے دعوتی و اصلاحی اسفار ہوتے رہتے ہیں اور ہندوستان کے ساتھ بیرون ہند میں بھی آپ کا علمی و روحانی فیضان جاری ہے۔
ولادت اور خاندانی پس منظر:
آپ کی ولادت 7 جون 1957ء کو قصبۂ راندیر، گجرات میں ہوئی۔ آپ کے والد حضرت مولانا محمد رضا اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کا آبائی تعلق گاؤں بابڑہ، نزد چارسدہ، سابق صوبۂ سرحد سے تھا۔ پندرہ سولہ برس کی عمر میں شوقِ علم نے انھیں پشاور سے اجمیر شریف تک پیدل سفر پر آمادہ کیا، جہاں مدرسہ معینیہ عثمانیہ، مسجد اکبری، اجمیر شریف میں سات آٹھ سال تعلیم حاصل کی۔ ان کے اساتذہ میں مولانا شریف الحسن صاحب وغیرہ تھے۔
اس کے بعد انھوں نے ناگور میں تدریسی خدمت انجام دی اور پھر دار العلوم اشرفیہ راندیر سے وابستہ ہوگئے۔ اس ادارے میں پچپن برس خدمت انجام دی، جن میں تقریباً پچاس سال مسلسل بخاری شریف کا درس شامل تھا۔ 1994ء میں وفات پائی اور راندیر کے گورِ غریباں قبرستان میں مدفون ہوئے۔
والدہ محترمہ کا تعلق بہار سے تھا اور نانا حضرت مولانا غلام کبریا بہاری رحمۃ اللہ علیہ دار العلوم دیوبند کے فاضل، ادیب اور شاعر تھے، جن کی تدفین احمد آباد میں ہوئی۔ آپ کے خسر حضرت مولانا سید عبد الحق قادری رحمۃ اللہ علیہ، حضرت مفتی عبد الرحیم لاجپوری رحمۃ اللہ علیہ کے حقیقی بھائی اور گجراتی دینی مجلے ”حیات“ کے مدیر تھے۔ اس طرح آپ کو دونوں خاندانوں کی طرف سے علمی و دینی ماحول میسر آیا۔
تعلیم و تربیت:
آپ نے راندیر کے گجراتی میڈیم اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور ایس ایس سی پاس کیا۔ دورانِ تعلیم حضرت مولانا رجب صاحب، حضرت مولانا یوسف بوڈھانیہ صاحب اور حضرت مولانا قاسم صاحب کرمالی سے فارسی، عربی اور اردو کی تعلیم حاصل کی۔
ایس ایس سی کے بعد سومناتھ کالج، ویراول میں کامرس کی تعلیم کے لیے داخلہ لیا، مگر تعلیم مکمل کرنے سے پہلے سورت منتقل ہوگئے۔ وہاں حافظ غلام محمد واڑی والا اور میاں احمد واڑی والا کی سرپرستی راندیر انجمن، دوسرے اسکول پھر کالج میں تعلیم حاصل کی۔ اسی زمانے میں آپ نے سورت میں چائے کی پتی کی دکان میں بطور ملازم و پارٹنر 2-3 سال کام کیا۔
دو تین سال بعد شوقِ علم نے پھر کروٹ لی۔ والدِ محترم سے عربی اول کی ساری کتابیں پڑھیں، دعائیں لیں اور دار العلوم اشرفیہ راندیر میں داخلہ لے کر چار سال میں نصاب مکمل کیا۔
آپ کے اردو، فارسی اور عربی کے اساتذہ میں آپ کے والد ماجد کے علاوہ مولانا عبد الغنی کاوی، مولانا مفتی محمد آچھوڈی دامت برکاتہم (موجودہ شیخ الحدیث دار العلوم ماٹلی والا)، مولانا حکیم ابو الشفا بلیاوی، قاضی محی الدین صاحب، مولانا یعقوب بھڑکودروی (ابو اویس قاسمی)، مولانا یوسف بوڈھانیہ، مولانا رجب صاحب، قاری اسماعیل بابو، مولانا قاسم کرمالی، مولانا قاری یعقوب آمباواڑی، مولانا اسماعیل اشرف راندیری اور مولانا احمد دھڈھال دامت برکاتہم شامل رہے ہیں۔
تجوید کی ابتدائی تعلیم قاری عبد الحمید صاحب دھودھات پانولی سے حاصل کی، جب کہ فقیہ الامت حضرت مولانا مفتی عبدالرحیم لاجپوری رحمۃ اللہ علیہ سے جمال القرآن، ہدیۃ الوحید اور فوائد مکیہ پڑھیں، انھی کے پاس حفظِ قرآن مکمل کرکے سند حاصل کی اور کئی سال تک انھیں قرآن مجید سناتے رہے۔ دار العلوم اشرفیہ کے استاذِ تجوید مولانا قاری اسماعیل صاحب دھگامی سے مقدمۃ الجزریہ اور خلاصۃ البیان کی تعلیم بھی حاصل کی۔
عملی و تدریسی زندگی:
1982ء میں آپ کا تقرر دار العلوم اشرفیہ راندیر میں استاذِ تجوید کی حیثیت سے ہوا۔ یہ تقرر حضرت مولانا احمد اشرف قاسمی راندیری رحمۃ اللہ علیہ (سابق مہتمم دار العلوم اشرفیہ، راندیر و تلمیذ علامہ محمد انور شاہ کشمیری) کے حکم سے فراغت سے چھ ماہ قبل ہی طے ہوگیا تھا۔ تجوید کی تدریس کے ساتھ والدِ محترم کی ہدایت پر عربی کی ابتدائی بعض کتابیں بھی پڑھائیں، پھر وسطیٰ، پھر علیا کی کتابیں پڑھائیں۔ اس درمیان النحو الواضح، کتاب النحو، تیسیر المنطق کے بعد کی تہذیب المنطق یا شرحِ تہذیب، شرح وقایہ، اصول الشاشی، نور الانوار، ہدایہ (جلد رابع) اور سنن ابن ماجہ جیسی متعدد کتابوں کی تدریس ان سے متعلق رہی۔
1984ء میں ایک سال جنوبی افریقہ کے دار العلوم زکریا میں تدریسی خدمت انجام دی۔ 1992ء یا 1993ء میں میفیئر، جوہانسبرگ کی جامع مسجد میں تقریباً ایک سال امامت کی۔ 1994ء میں والدِ محترم کے انتقال کے بعد ادارے کے ذمہ داران، مولانا یعقوب اشرف راندیری (سابق مہتمم دار العلوم اشرفیہ راندیر) اور مولانا یعقوب سارودی (سابق شیخ الحدیث دار العلوم کنتھاریہ، محمود نگر، بھروچ) کے مشورے سے بخاری شریف اور جلالین شریف کی تدریس آپ کے سپرد ہوئی۔ تب سے درسِ حدیث آپ کی علمی زندگی کا مرکزی حصہ ہے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے بخاری شریف کا درس جاری ہے؛ روزانہ تقریباً دو گھنٹے بخاری شریف اور دو گھنٹے جلالین شریف کی تدریس آپ کے معمول میں شامل ہیں۔ سفر سے نصف شب یا اس کے بعد واپسی کے باوجود سبق کی پابندی آپ کے شوقِ تدریس کا نمایاں پہلو رہی ہے۔
درسِ قرآن و تفسیر سے بھی آپ کا تعلق تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے۔ والدِ محترم کی ہدایت پر کنارہ مسجد، راندیر میں محض دو مصلیوں سے اس سلسلے کا آغاز ہوا، جو رفتہ رفتہ مستقل علمی و اصلاحی خدمت بن گیا۔ نوجوان علما کو معارف القرآن، حاشیہ عثمانی اور روح المعانی جیسی تفاسیر کے مطالعے کی ترغیب دیتے ہیں۔
بچپن کے کچھ احوال اور والدِ محترم کی تربیت:
آپ کے والد حضرت مولانا محمد رضا اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کی سادگی، قناعت، خودداری، مہمان نوازی اور شفقت نے قاری رشید احمد صاحب کی شخصیت اور تربیت پر گہرا اثر ڈالا۔ بچپن ہی سے گھر میں دینی تعلیم کا ماحول تھا۔ والد محترم رات کو کھانے کے بعد اہلِ خانہ کو بہشتی زیور اور خواتین کے شرعی مسائل کی کتابیں پڑھاتے اور بچوں کے اسباق بھی سنتے تھے۔
تجارت سے دینی تعلیم کی طرف رجوع: قاری رشید احمد صاحب سورت میں چائے کی پتی کے کاروبار سے وابستہ تھے۔ ایک روز ان کے والد نے انھیں دکان پر رقم کا حساب کرتے دیکھا تو دعا کی:
«”اے اللہ! یہ در در کا بھکاری بنا ہے، اسے تیرے در کا بھکاری بنا دے اور علم کی دولت سے نواز دے”۔»
اس کے بعد قاری رشید احمد صاحب نے تجارت ترک کرکے دینی تعلیم حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔ والد محترم نے وضو کروایا، دو رکعت نفل پڑھوائیں اور علمِ نافع کی دعا کے بعد عربی کی کتابوں کی تعلیم شروع کروائی۔
قناعت اور حسنِ اخلاق: گھر میں سادگی تھی۔ بچپن میں قاری صاحب نے مسلسل دو دن دال پکنے پر شکایت کی تو والدہ کے بتانے پر والد محترم نے حکم دیا:
«”تیسرے دن بھی مسلسل دال ہی پکائی جائے”۔»
ایک دوسرے واقعے میں ایک شخص پانی پر دم کروانے آیا۔ والد محترم شربت لینے اندر گئے تو دیکھا کہ وہ ان کے کرتے کی جیب سے پیسے نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ آپ خاموشی سے پیچھے ہٹ گئے، پھر اسے شربت پلایا، دم کیا اور عزت کے ساتھ رخصت کردیا۔ صاحبزادے نے پوچھا کہ آپ نے اسے روکا کیوں نہیں تو فرمایا:
«”وہ جو بھی تھا، ہمارے گھر میں آیا ہوا مہمان تھا اور چور بھی ہو تو مہمان کی خاطر داری کی جاتی ہے۔ اگر وہ لے جاتا تو 200 روپے لے جاتا؛ معمولی رقم کے لیے اپنے مہمان کو ذلیل و رسوا کرنا ہمارے علم کی شان کے خلاف ہے”۔»
والد محترم اپنے کام خود کرتے، طلبہ سے پاؤں نہیں دبواتے اور گھر کی صفائی کے لیے بھی کسی کو زحمت نہیں دیتے تھے۔ سفر میں ذاتی ضروریات کی چیزیں اپنے ساتھ رکھتے اور طلبہ کی مالی مدد خاموشی سے کرتے تھے۔
خطابت و اسفار:
خطابت کا آغاز زمانۂ طالب علمی ہی میں ہوا۔ اساتذہ کی زیر نگرانی جمعرات کی انجمنوں میں تقریر کے خوب مواقع ملے۔ مولانا محمد صاحب ماٹلی والا اور دیگر اساتذہ حوصلہ افزائی کرتے تھے؛ مدرسے کے جلسے میں کی گئی تقریر کو قاری محمد طیب صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے سراہا تھا اور مولانا ضیاء الحق صاحب نے ہدیہ دیا تھا۔ ہدایہ کے سال ہزیرہ، راندیر میں آپ کی پہلی عوامی تقریر ہوئی تھی۔ والدِ محترم نے بیان سے پہلے دو رکعت نماز پڑھنے اور تقریر کو تقریباً پینتالیس منٹ تک محدود رکھنے کی نصیحت کی تھی۔ کندھے پر سفید رومال رکھنے کو بھی موت اور کفن کی یاد سے وابستہ کرتے تھے۔ یہ تربیت آپ کے اصلاحی مزاج اور خطابت کے اسلوب میں جھلکتی ہے۔
دینی و اصلاحی سرگرمیوں کے سلسلے میں آپ نے دنیا کے تیس سے زائد ممالک کے متعدد اسفار کیے، جن میں برطانیہ، کینیڈا، ری یونین، پنامہ، بارباڈوس، گریناڈا، فجی، نیوزی لینڈ اور سنگاپور شامل ہیں۔ برطانیہ کے تقریباً پچیس، کینیڈا کے بارہ سے پندرہ، فرنچ کالونی ”جزیرۂ ری یونین“ کے چھ یا سات، پنامہ کے سات یا آٹھ اور بارباڈوس کے چار یا پانچ، گریناڈا کے تین سفر ہو چکے ہیں۔ ان سفروں میں تدریس، دعوت، اصلاح اور مختلف ممالک کے دینی حلقوں سے رابطے کے مواقع میسر آئے۔
بیعت و خلافت اور اصلاحی خدمات:
سب سے پہلے آپ نے روحانی و اخلاقی تربیت اپنے والد علامہ محمد رضاء اجمیری سے پائی، پھر آپ کی خواہش فقیہ الامت مفتی محمود حسن گنگوہی سے بیعت ہونے کی تھی، جن سے افریقہ و راندیر میں اوائلِ اربعین اور حدیث کی دیگر کتب کا درس لیا تھا۔ باقاعدہ بیعت کا تعلق 1992ء یا 1993ء میں جنوبی افریقہ کے قیام کے دوران سلسلۂ مجددیہ نقشبندیہ سے تعلق رکھنے والے حضرت مولانا اسماعیل واڑی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ سے قائم ہوا۔ حضرت مولانا اسماعیل واڑی نے جامعہ حسینیہ راندیر، جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل اور دار العلوم دیوبند میں تعلیم حاصل کی تھی۔ ابتدا میں حضرت مولانا حسین احمد مدنی رحمۃ اللہ علیہ سے بیعت ہوئے اور ان کے وصال کے بعد حضرت حافظ شاہ غلام حبیب چکوالوی نقشبندی رحمۃ اللہ علیہ سے وابستہ ہوئے۔ برطانیہ میں دار العلوم بری کی تدریس، جامعۃ الکوثر کے قیام اور مڈغاسکر و ماریشس سمیت مختلف مقامات کے دینی اسفار بھی ان کی خدمات میں شامل تھے۔
حضرت مولانا اسماعیل واڑی رحمۃ اللہ علیہ نے بیعت کے تقریباً پانچ چھ سال بعد آپ کو اجازتِ بیعت عطا فرمائی۔ اس کے لگ بھگ دس سال بعد آپ نے راندیر کی مسجد سے اصلاح و ارشاد کا سلسلہ شروع کیا، جو ہندوستان کے مختلف علاقوں اور بیرونِ ملک تک پھیلا۔ آپ کی مجالس میں اتباعِ سنت، اصلاحِ اخلاق، دینی اعمال کی پابندی اور معاشرتی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر زور دیا جاتا ہے۔
ملی و سماجی خدمات:
ملکی و سماجی مسائل کے حوالے سے آپ ہندو مسلم بھائی چارے، قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کو اہمیت دیتے ہیں۔ مخلوط تعلیمی ماحول میں مسلم نوجوانوں کے عقائد و دینی شناخت کے تحفظ اور ارتداد کے فتنے سے بچاؤ کی فکر بھی آپ کے بیانات میں نمایاں ہے۔ سوشل میڈیا کو قرآن و حدیث کا پیغام مسلمانوں اور غیر مسلموں تک پہنچانے کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہیں۔ امارتِ شرعیہ ہند اور جمعیۃ علمائے ہند کی سرگرمیوں سے وابستگی بھی ہے اور تقریباً دس سال سے امیرِ شریعت گجرات کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
قلمی و علمی خدمات:
تدریس و اصلاح کے ساتھ تصنیف و تالیف بھی آپ کی علمی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ آپ گجراتی اور ہندی زبانوں سے خصوصی مناسبت رکھتے ہیں اور ہندی زبان کے خصوصی اسناد بھی حاصل ہیں۔ آپ کی تحریروں میں دینی تعلیم، اصلاحِ معاشرہ، اتباعِ سنت، خواتین کے مسائل اور جدید علوم کے ساتھ اسلامی فکر کے تعلق جیسے موضوعات شامل ہیں۔
آپ کی اہم تصانیف و تالیفات میں درج ذیل کتابیں اور علمی کام شامل ہیں:
(1) تذکرۃ الرضا: دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل اپنے والدِ محترم حضرت مولانا محمد رضا اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کی سوانحِ حیات اور مختلف سوانحی و تاثراتی مضامین کا مجموعہ، جس کے متعدد ایڈیشن شائع ہو چکے ہیں۔ اس کے جدید ایڈیشن میں آپ کے والد کی ساری کتابوں کا لب لباب پیش کیا گیا ہے۔
(2) درسِ بخاری: والدِ محترم کے ختمِ بخاری کے موقع پر دیے گئے درس کو فی البدیہہ قلم بند کرکے شائع کرایا۔
(3) مواعظِ شیخ اجمیری: ایک جلد میں والدِ محترم کے مواعظ کا مجموعہ۔
(4) ملفوظاتِ شیخ اجمیری: والدِ محترم کے ملفوظات اور تربیتی باتوں پر مشتمل دو جلدوں کا مجموعہ۔
(5) خطباتِ رشید: آپ کے علمی و اصلاحی بیانات کا مجموعہ، جو دس جلدوں میں شائع ہوا۔ اسے آپ کے شاگرد مولانا نظام الدین (مدرس مدرسہ مفتاح العلوم تراج) اور دیگر علما نے مرتب کیا اور مختلف مقامات سے شائع ہوا۔
(6) اتباعِ سنت اور حضرت اجمیری: اتباعِ سنت اور حضرت اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے متعلق موضوعات پر مشتمل تصنیف۔
(7) منبہات کا گجراتی ترجمہ: دینی و اخلاقی مواد کو گجراتی زبان کے قارئین تک پہنچانے کی کوشش۔
(8) پردہ اور عورت کے موضوع پر گجراتی کتابچہ: خواتین اور پردے سے متعلق دینی مسائل پر تحریر۔
”میڈیکل سائنس اور اسلام“ کے موضوع پر آپ کے قسط وار مضامین گجراتی دینی مجلے ”حیات“ میں، جو آپ کے خسر مولانا سید عبد الحق قادری کی زیر ادارت نکلتا تھا، لمبے عرصے تک شائع ہوتے رہے۔ اسی مجلے میں آپ کے والد کی وفات کے سانحے پر مضمون بھی شائع ہوا تھا۔ اس کے علاوہ آپ کے مختلف مضامین گجرات کے مختلف رسائل و جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں۔
حرف آخر
مولانا قاری رشید احمد اجمیری راندیری کی زندگی درس و تدریس، قرآن و حدیث کی خدمت، اصلاحِ باطن، خطابت اور قلمی کاوشوں سے عبارت ہے۔ تجارت سے دینی تعلیم کی طرف رجوع، دار العلوم اشرفیہ راندیر میں طویل تدریسی وابستگی، مسلسل درسِ بخاری، کئی دہائیوں سے جاری درسِ قرآن، بیرونِ ملک اصلاحی اسفار اور گجراتی زبان میں دینی تحریریں ان کی حیات کے نمایاں نقوش ہیں۔ اپنے والد کے علمی ورثے کو محفوظ کرنے اور اپنی تصنیفات و خطبات کے ذریعے دینی رہنمائی فراہم کرنے کی کوشش نے ان کی خدمات کو ایک وسیع دائرہ عطا کیا ہے۔ ان کے حالات میں علم کی پابندی، اخلاق کی پاسداری اور خدمتِ دین سے وابستگی کا جو نقش ابھرتا ہے، وہی ان کی زندگی کا اصل حاصل ہے۔
