کیرالہ: مدرسہ کی میلاد تقریب میں باہر سے خریدے گئے شوارما کھانے سے 14 طلبہ بیمار
کاسرگوڑ (کیرالہ)، 9 ستمبر (روایت ڈیسک نیوز)
کاسرگوڑ ضلع کے پوچاکاڈ کے قریب تھیکوپرم میں واقع مصباح العلوم مدرسہ کی میلاد النبی ﷺ کی تقریب میں شوارما کھانے کے بعد 14 طلبہ بیمار پڑ گئے۔ چار بچے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ باقی طلبہ کو ابتدائی طبی امداد اور نگرانی کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق سب بچے اب خطرے سے باہر ہیں۔

مدرسے کے ذمہ داروں نے بتایا کہ تقریب کے لئے کھانے کا انتظام مدرسے کی طرف سے کیا گیا تھا، لیکن جب کھانا کم پڑ گیا تو تقریباً 15 طلبہ کے لئے قریبی بمبئی ہوٹل سے شوارما خریدا گیا۔ متاثرہ طلبہ نے کھانے کے کچھ دیر بعد قے، پیٹ اور جسم درد کی شکایت کی۔
ہوٹل کے شریک مالک جعفر پوچاکاڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ شوارما کی فروخت پہلے فوڈ پوائزننگ کی بار بار شکایات کے باعث بند کر دی گئی تھی، لیکن اسے گزشتہ ہفتے دوبارہ شروع کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا: “یہ الزام درست نہیں کہ کھانا پرانا تھا۔ فوڈ سیفٹی افسران نے نمونے لے لئے ہیں، اصل وجہ جانچ کے بعد سامنے آئے گی۔” محمد اشرف نے تفصیل سے گفتگو نہیں کی اور کہا کہ وہ بچوں کے اسپتال سے فارغ ہونے کے انتظام میں مصروف ہیں۔
اسپتال میں داخل ایک 13 سالہ طالبہ نے بتایا: “میں نے دو نوالے کھائے، بدبو کی وجہ سے چھوڑ دیا۔”
واقعے کے بعد مقامی لوگ ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے اور احتجاج کیا۔ اس دوران معمولی جھڑپ بھی ہوئی۔ بیکال پولیس نے موقع پر پہنچ کر بھیڑ کو منتشر کیا اور بعد میں اسپتال جا کر معلومات حاصل کیں۔
فوڈ سیفٹی اور ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے افسران نے ہوٹل کا معائنہ کیا اور کھانے کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لئے بھیجے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی تک کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی کیونکہ باضابطہ شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
