اردو الفاظ کے استعمال پر ہندی نیوز چینلوں کو وزارت اطلاعات کا نوٹس
دہلی، 21 ستمبر 2025 — (روایت نیوز ڈیسک)
وزارت اطلاعات و نشریات نے پانچ بڑے ہندی نیوز چینلوں کو نوٹس جاری کیا ہے۔ الزام ہے کہ یہ چینل اپنی نشریات میں تقریباً 30 فیصد اردو الفاظ استعمال کرتے ہیں۔ نوٹس ٹی وی 9 بھارت ورش، آج تک، اے بی پی، زی نیوز اور ٹی وی 18 کو بھیجا گیا ہے۔ وزارت نے ان چینلوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ زبان کے ماہرین کی تقرری کریں اور پندرہ دن کے اندر جواب پیش کریں۔

یہ کارروائی مہاراشٹر کے تھانے کے رہائشی ایس کے سریواستو کی شکایت پر کی گئی ہے۔ انہوں نے 9 ستمبر کو سی پی جی آر اے ایم ایس پورٹل پر درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ ہندی نیوز چینل اپنے روزمرہ کے تبصروں میں دوسری زبان کے الفاظ استعمال کرتے ہیں، جو عوام کے ساتھ دھوکہ دہی اور مجرمانہ عمل ہے۔ شکایت کنندہ نے مطالبہ کیا تھا کہ ان چینلوں کو پابند بنایا جائے کہ وہ زبان کے ماہرین کی تقرری کریں اور ان کے سرٹیفکیٹ اپنی ویب سائٹس پر شیئر کریں۔
سریواستو، جو خود کو لیگل پریکٹشنر بتاتے ہیں، نے دی وائر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ "ہندی چینل ’تشریف رکھیے‘ یا ’سیلاب‘ جیسے الفاظ استعمال کرتے ہیں، جنہیں عام ہندی داں کیسے سمجھے گا؟” ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندی کے طلبہ جو بی اے، ایم اے یا پی ایچ ڈی کرتے ہیں، ان کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا ہونے چاہییں، اس لیے چینلوں پر زبان کے ماہرین کی تقرری ضروری ہے۔
18 ستمبر کو وزارت اطلاعات کے انڈر سکریٹری نونیت کمار نے پانچوں چینلوں کو خط بھیجا اور بتایا کہ ان کے خلاف شکایت ملی ہے۔ وزارت نے کہا کہ کیبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک (ترمیمی) رول 2025 کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور چینلوں کو پندرہ دن کے اندر اپنا جواب دینا ہوگا۔ یہ قواعد جنوری 2025 میں نافذ کیے گئے تھے اور ان کا مقصد ٹیلی ویژن سیکٹر کو بہتر طور پر منظم کرنا اور مواد پر نگرانی کو سخت بنانا بتایا گیا تھا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ 19 ستمبر کو اسی شکایت کو سی پی جی آر اے ایم ایس پورٹل پر "کلوزڈ” کے طور پر نشان زد کر دیا گیا۔ حکومتی رہنما خطوط کے مطابق، اب شکایات کو 21 دن کے اندر حل کیا جانا لازمی ہے، جب کہ پہلے یہ مدت 30 دن تھی۔
