اتر پردیش کے مدارس میں آج ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی سالگرہ پر سائنس نمائشیں ہوں گی
لکھنؤ، 15 اکتوبر (روایت نیوز ڈیسک)
اتر پردیش کے تمام مدارس میں آج بھارت رتن اور سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی یومِ پیدائش کے موقع پر سائنس نمائشیں اور فکری نشستیں منعقد کی جائیں گی۔ ریاستی وزیرِ مملکت برائے اقلیتی بہبود دانش اعزاز انصاری کے مطابق، ان تقریبات کا مقصد طلبہ میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے تئیں دلچسپی پیدا کرنا اور انہیں ڈاکٹر کلام کی سائنسی سوچ، عملی جدوجہد اور اخلاقی اقدار سے متاثر کرنا ہے۔

وزیر نے بتایا کہ ریاست کے تمام تسلیم شدہ مدارس میں طلبہ اپنے سائنسی ماڈلز، تحقیقی منصوبے اور اختراعی تجربات پیش کریں گے۔ ان کے بقول، یہ اقدام مدارس کے طلبہ کو سائنس کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرانے اور انہیں عصری تعلیم کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی کوشش ہے۔ مختلف اضلاع میں اس موقع پر سیمینارز اور مکالماتی نشستیں بھی ہوں گی، جن میں مقررین ڈاکٹر کلام کے سائنسی کارناموں، تعلیمی نظریات اور قومی وژن پر روشنی ڈالیں گے۔
دانش اعزاز انصاری نے کہا کہ ان پروگراموں میں مقامی عوامی نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور نمائشوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو انعامات دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا: “ڈاکٹر کلام کی زندگی ہر طالب علم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ان کا وژن سائنس، ٹیکنالوجی اور انسانیت کے امتزاج پر مبنی تھا، جو ملک کی تعمیر و ترقی کا رہنما اصول ہے۔”
واضح رہے کہ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کا یومِ پیدائش ہر سال 15 اکتوبر کو ’یومِ طلبہ‘ (Students’ Day) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ڈاکٹر کلام نے بھارت میں میزائل ٹیکنالوجی، خلائی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں، اور انہیں ’میزائل مین آف انڈیا‘ کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
وہ نہ صرف ایک سائنس داں بلکہ نوجوان نسل کے لیے حوصلہ، محنت اور عزم کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
