بہرائچ: غیر منظور شدہ مدارس کی جانچ کے لیے خصوصی کمیٹی قائم
بہرائچ، 28 ستمبر: ضلع انتظامیہ نے تمام غیر منظور شدہ مدارس کی ازسرِنو جانچ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس فیصلے کا مقصد تعلیمی اداروں کی نگرانی کو مضبوط بنانا اور ہر مدرسے کی قانونی و تعلیمی حیثیت کو واضح کرنا ہے۔

ضلع مجسٹریٹ اکشے ترپاٹھی نے کہا کہ ضلع بھر میں چلنے والے 495 غیر منظور شدہ مدارس کے ساتھ ساتھ وہ ادارے بھی دوبارہ جانچے جائیں گے جو پہلے کے سروے میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ انہوں نے اسے تعلیمی نظام میں شفافیت کی جانب اہم قدم قرار دیا۔
پایہ گپور تحصیل کے پریہار چوراہے کے قریب سڑک کنارے قائم ایک مدرسہ بھی پچھلے سروے میں شامل نہیں تھا۔ ڈی ایم نے اسے انتظامی کوتاہی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام اداروں کی تفصیلات کو درست اور مکمل طور پر ریکارڈ میں لایا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، جانچ کمیٹی میں متعلقہ تحصیل کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ، ضلع بیسک ایجوکیشن آفیسر اور اقلیتی فلاحی افسر شامل ہوں گے۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر رپورٹ مکمل کر کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (وی آر) کے توسط سے ڈی ایم کو پیش کرے۔
ڈی ایم ترپاٹھی نے واضح کیا کہ اس پورے عمل کا مقصد تمام تعلیمی اداروں — خواہ منظور شدہ ہوں یا غیر منظور شدہ — کو باقاعدہ نگرانی، احتساب اور قانونی دائرے میں لانا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو زیادہ مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔
