دیوبند: عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے تعلیمی سال 1447-48ھ کے داخلہ امتحان کے لیے آن لائن درخواست فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں تین دن کی توسیع کر دی ہے۔ ادارے کے تازہ اعلان کے مطابق اب طلبہ 19 مارچ 2026 (29 رمضان المبارک 1447ھ) تک اپنی درخواست آن لائن جمع کرا سکتے ہیں۔
دارالعلوم انتظامیہ کے مطابق اس سال چہارم سے دورۂ حدیث شریف تک داخلے کے لیے پہلی مرتبہ آن لائن درخواست کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ طلبہ کی سہولت کے پیش نظر آخری تاریخ میں توسیع کی گئی ہے، تاکہ دور دراز علاقوں کے امیدوار بھی بروقت فارم جمع کرا سکیں۔
واضح رہے کہ آن لائن درخواست کا عمل 25 فروری سے شروع ہوا تھا اور ابتدائی طور پر آخری تاریخ 16 مارچ مقرر کی گئی تھی، جسے اب بڑھا کر 19 مارچ کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد آن لائن فارم جمع کرنے کا عمل مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
دارالعلوم کی آفیشل ویب سائٹ پر فارم کا لنک دستیاب ہے، جہاں سے امیدوار اپنی درخواست جمع کر سکتے ہیں۔ ادارے کے مطابق اب تک ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد طلبہ درخواست دے چکے ہیں، جن میں تقریباً ساڑھے تین ہزار طلبہ دورۂ حدیث شریف کے لیے ہیں۔ اندازہ ہے کہ آخری تاریخ تک درخواستوں کی تعداد دس ہزار سے تجاوز کر سکتی ہے۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ اس سال اول، دوم اور سوم عربی میں مقامی طلبہ کا داخلہ لیا جائے گا، جبکہ دیگر درجات کے لیے آن لائن درخواست لازمی قرار دی گئی ہے۔
داخلہ امتحان میں شرکت کے لیے امیدواروں کو 4 تا 8 شوال کے درمیان دارالعلوم دیوبند حاضر ہو کر ایڈمٹ کارڈ حاصل کرنا ہوگا اور دیگر ضروری کارروائیاں مکمل کرنی ہوں گی۔ اس کے بعد داخلہ امتحانات کا آغاز 10 شوال مطابق 30 مارچ 2026 سے ہوگا۔
دارالعلوم انتظامیہ نے تمام امیدواروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کے اندر اپنی درخواست مکمل کر کے امتحان کی تیاری کریں۔
