مہاراشٹر میں تصدیق ناموں پر مدارس کے ذمہ داران پریشان، جمعیت سے شکایت
ممبئی/ارریہ: مہاراشٹر، خصوصاً ممبئی میں مدارسِ اسلامیہ کے ذمہ داران اور سفراء کو تصدیق ناموں کے عمل کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور مبینہ ہراسانی کے خلاف جمعیت علماء ہند کی قیادت سے شکایت کی گئی ہے۔ جمعیت علماء بہار کے نائب صدر مولانا محمد اطہر القاسمی نے اس سلسلے میں جمعیت علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی سے رابطہ کر کے مسئلے کے حل کی درخواست کی ہے۔
مولانا اطہر القاسمی کے مطابق بہار کے ضلع ارریہ، سیمانچل اور دیگر علاقوں کے مدارس کے ذمہ داران نے اطلاع دی ہے کہ ممبئی کے جمعیت دفاتر میں تصدیق کے لیے اصل (اورینجل) تصدیق نامہ طلب کیا جا رہا ہے، جبکہ ضلعی اور صوبائی جمعیت کی جانب سے جاری کردہ مصدقہ فوٹو کاپیوں کو قبول نہیں کیا جا رہا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس عمل کے باعث مدارس کے اساتذہ اور چندہ مہم پر نکلنے والے سفراء کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور متعلقہ دفاتر کے ذمہ داران سے براہِ راست رابطہ بھی آسان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضابطے کے مطابق کسی بھی مدرسہ کو تنظیم کی جانب سے صرف ایک اصل تصدیق نامہ جاری کیا جاتا ہے، جو ادارے کے دفتر میں محفوظ رکھا جاتا ہے، جبکہ اساتذہ اور سفراء کو اسی کی مصدقہ نقول فراہم کی جاتی ہیں۔ ایسے میں ہر فرد سے اصل تصدیق نامہ طلب کرنا عملی طور پر ممکن نہیں اور اس سے مدارس کے نمائندوں کو غیر ضروری دشواری پیش آ رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مسئلہ ہر سال رمضان کے دوران سامنے آتا ہے، جب مدارس کے سفراء مختلف ریاستوں میں چندہ مہم کے لیے جاتے ہیں اور انہیں مقامی دفاتر سے تصدیق حاصل کرنا ہوتی ہے۔ کچھ ذمہ داران نے الزام لگایا ہے کہ بعض دفاتر میں معاون عملہ تصدیقی عمل انجام دیتا ہے جبکہ اعلیٰ عہدیداران دستیاب نہیں ہوتے، اور فون پر بھی وضاحت فراہم نہیں کی جاتی۔
اس معاملے پر جمعیت علماء ہند کے ناظمِ عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے شکایت موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ دفاتر سے بات کر کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ادھر مدارس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اگر ضلعی اور صوبائی سطح پر تصدیق کا نظام موجود ہے تو مرکزی یا دیگر دفاتر میں اس کی بنیاد پر عمل ہونا چاہیے، تاکہ مدارس کے تعلیمی اور انتظامی امور متاثر نہ ہوں۔ انہوں نے تصدیقی عمل کو واضح اور سہل بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ رمضان کے دوران ملک بھر کے مدارس کے سفراء چندہ مہم کے لیے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہیں، اور اس عمل کے لیے تنظیمی تصدیق نامہ بنیادی دستاویز کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ مدارس کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ تصدیق کے موجودہ طریقہ کار میں ابہام اور سختی کے باعث تعلیمی اداروں کی مالی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔
